حج کے نام پر لوٹنا معمول, وزارت مذہبی امور نے ذمہ داری پوری نہیں کی :سپریم کورٹ

IQNA

حج کے نام پر لوٹنا معمول, وزارت مذہبی امور نے ذمہ داری پوری نہیں کی :سپریم کورٹ

10:40 - February 28, 2017
خبر کا کوڈ: 3502587
بین الاقوامی گروپ : غیر رجسٹرڈ ٹور آپریٹرز نے سادہ لوح عوام سے کروڑوں روپے ہتھیائے مگر کرپشن روکنے والے ادارے گہری نیند سوتے رہے :ریمارکس
ایکنا نیوز-دنیا نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے وزارت مذہبی امور کو حج و عمرہ کے منظورشدہ ٹور آپریٹرز کی تفصیلات ویب سائٹ پر آویزاں کرنے اور ضلعی حکام و تحقیقاتی اداروں کو ارسال کرنے کا حکم دیدیا ۔ عدالت نے وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ویب سائٹ کو اردو،انگلش اور تمام علاقائی زبانوں میں اپ ڈیٹ کرے ، 2 ماہ کے اندر اندر عدالتی حکم پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کئے جائیں ، آئندہ حج آپریشن سے 3 ماہ قبل تشہیری مہم بھی شروع کی جائے جبکہ ذمہ داریوں میں غفلت برتنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی ۔ جسٹس دوست محمد کی زیر سربراہی بینچ نے جعلی ٹریول ایجنسی بنا کر فراڈ کرنیوالے قاری امیر احمد شاہ و دیگر ملزموں کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے فیصلہ میں قرار دیا کہ حج کے نام پر سادہ لوح افراد کو لوٹنا معمول بن چکا ہے جبکہ اداروں کی خاموشی نے متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کی ۔ ہر سال حج سیزن شروع ہونے سے قبل لوگوں کو اس قسم کی جعلی ٹریول ایجنسیاں لوٹتی ہیں ۔ 

عدالتوں کو اس طرح کے کیسز کو مختلف انداز سے لینا چا ہیئے اور اس فراڈ کو روکنا چا ہیئے ، چنانچہ عدالت سمجھتی ہے کہ ملزموں کو ضمانت پر رہا نہیں کر نا چاہیئے لہٰذا پٹیشن مسترد کی جاتی ہے ، ماضی میں غیر رجسٹرڈ ٹور آپریٹرز نے عوام سے کروڑوں روپے ہتھیائے مگر کرپشن روکنے والے ادارے اس دوران گہری نیند سوتے رہے ، متعلقہ ادارے عازمین سے فراڈ کی روک تھام میں ناکام ہوئے اور وزارت مذہبی امور نے بھی اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی ۔

 منظورشدہ حج و عمرہ ٹور آپریٹرز کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر تشہیر کی جائے جبکہ تحقیقاتی ادارے غیر رجسٹرڈ آپریٹر پر نظر رکھیں ۔ نیز منظور شدہ آپریٹرز بھی ویب سائٹ پر اپنے اتھارٹی لیٹر اور حج کے منظور شدہ اخراجات کی لسٹ آویزاں کریں اور عوام کو پوری تفصیل بتائیں کہ دوران حج انہیں کیا سہولیات دی جائیں گی؟ 

نظرات بینندگان
captcha