ایکنا نیوز- سوشل میڈیا کے مطابق روانگی سے قبل آرمی چیف کا کہنا تھا کہ عسکریت پسند دہشت گردی کے ذریعے پاکستان میں فرقہ واریت کو فروغ دینے میں ناکام رہیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بحیثیت مسلمان اور پاکستانی ہم سب متحد ہیں۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت بھی کریں گے جبکہ شہدا کے لواحقین سے بھی ملاقات کریں گے۔
ڈان نیوز نے رپورٹ کیا کہ آرمی چیف عید کا دوسرا دن پارا چنار میں فوجی جوانوں کےساتھ گزاریں گے جہاں انہیں پاراچنار دھماکوں اور اس کے بعد کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔
عسکری ذرائع نے بتایا کہ پارا چنار کا دورہ مکمل کرنے کے بعد آرمی چیف کوئٹہ اور کراچی کا بھی دورہ کریں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ فوج کے سربراہ نے مختلف مذہبی رہنماؤں سے بھی ملاقات کی جس میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔
یاد رہے کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور وہاں پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی۔