سانحہ پارا چنار: لواحقین کیلئے 10، 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان

IQNA

سانحہ پارا چنار: لواحقین کیلئے 10، 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان

12:31 - June 29, 2017
خبر کا کوڈ: 3503202
بین الاقوامی گروپ: اہل تیشع کے سخت احتجاج کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے امداد کا اعلان کردیا۔

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے سانحہ پارا چنار میں جاں بحق ہونے والے ہر شخص کے ورثاء کو دس لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس پانچ لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس سلسلے میں وزیراعظم کی جانب سے خیبر پختونخوا کے گورنر ظفر اقبال جھگڑا کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

گذشتہ ہفتے جمعہ الوداع کے موقع پر وفاق کے زیر انتظام فاٹا کی کرم ایجنسی کے صدر مقام اور اہل تشیع کی آبادی والے علاقے پاراچنار میں یکے بعد دیگرے 2 دھماکوں کے نتیجے میں 41 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جبکہ بعد میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 75 تک پہنچ گئی۔

جس کے بعد پاراچنار کے عوام نے دھماکے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا جو چھٹے روز بھی جاری ہے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اعلان کردہ امداد کو پارا چنا کے عمائدین نے مسترد کردیا۔

دھرنے کے شرکاء سے خطاب کے دوران عمائدین کا کہنا تھا کہ ’ہم کو پاکستانی سمجھا جائے اور دیگر علاقوں کی طرز پر معاوضہ اور نوکریاں دی جائیں۔

یاد رہے کہ دھرنے کے شرکاء پارا چنار میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعے کی جوڈیشل انکوئری کا مطالبہ بھی کررہے ہیں۔

اس سے قبل دھرنے کے شرکاء نے مطالبہ کیا تھا کہ ان کا دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار ان سے آ کر مذاکرات نہیں کرتے۔

نظرات بینندگان
captcha