محرم الحرام: سندھ بھر میں 69 ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے

IQNA

محرم الحرام: سندھ بھر میں 69 ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے

15:06 - September 16, 2018
خبر کا کوڈ: 3505106
بین الاقوامی گروپ: محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے صوبہ سندھ میں مجموعی طور پر 69 ہزار 5 سو 45 پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) ڈاکٹر سید کلیم امام نے محرم الحرام کے کنٹی جنسی پلان پر مشتمل رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے تمام ڈی آئی جیز کو ہدایت کی کہ محرم کے دوران مجالس کے مقامات، جلوسوں کی گزرگاہوں، مرکرزی اجتماع گاہ نشترپارک اور حسینیہ ایریا امام بارگاہ سمیت مجالس کے تمام مقامات پر سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کو نہ صرف خود دیکھا جائے بلکہ سیکیورٹی فرائض سے متعلق بریفنگ کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے۔

قبل ازیں سے اے آئی جی آپریشنز سندھ نے جانب سے پیش کردہ ایک رپورٹ میں آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم کو بتایا گیا کہ محرم کے دوران سندھ بھر میں مجموعی طور پر 69 ہزار 5سو 45 پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، اس کے علاوہ ایک ہزار 202 ٹریفک جبکہ 13 سو39 اسپیشل برانچ کے اہلکار تعینات ہوں گے، اس کے ساتھ ساتھ آر آر ایف، ایس آر پی کے ریزرو دستے بھی موجود ہوں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں امام بارگاہوں کی تعداد 19 سو 96 ہے جبکہ 14 ہزار 6سو 99 مجالس منعقد ہوں گی اور 3 ہزار 5سو 13 ماتمی جلوس برآمد کیے جائیں گے، اس کے علاوہ تعزیہ جلوس کی تعداد 7سو 86 ہوگی۔

آئی جی سندھ کو بتایا گیا کہ محرم الحرام کے پیش نظر کراچی میں 17 ہزار 5سو 58، حیدرآباد میں 16 ہزار 8سو 16، میرپورخاص میں 2 ہزار 2سو 37، شہید بینظیرآباد میں 9 ہزار 820، سکھر میں 8 ہزار 2سو 58 اور لاڑکانہ میں 15 ہزار 4سو 4 اہلکار تعینات ہوں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے آر آر ایف اور ریزرو پلاٹونز کی انتہائی تیزی سے تعیناتی کی جائے گی اور ایمرجنسی ٹریفک پلان پر عملدرآمد کرایا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی تعیناتی بھی کی جائے گی۔

پولیس رپورٹ کے مطابق 8، 9 اور 10 محرم کے جلوسوں کے مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی اور سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) میں قائم مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔

آئی جی سندھ کو پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ محرم الحرام میں سیکیورٹی کی حکمت عملی کے پیش نظر معروف مذہبی شخصیات کی سیکیورٹی سمیت شرپسند عناصر کی کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

نظرات بینندگان
captcha