خفیہ ادارں پر تکفیری گروپ کا حملہ ناکام / متعدد گرفتار

IQNA

خفیہ ادارں پر تکفیری گروپ کا حملہ ناکام / متعدد گرفتار

11:04 - September 18, 2018
خبر کا کوڈ: 3505116
بین الاقوامی گروپ:انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور حزب الاحرار (ایچ یو اے) کے نیٹ ورک کو غیر فعال کرنے کا دعویٰ کر دیا۔

ایکنا نیوز-ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ سی ٹی ڈی گزشتہ 4 ماہ سے زائد عرصے سے نیٹ ورک کی نقل و حرکت کا جائزہ لے رہا تھا، لیکن اس دوران دہشت گرد شہریوں اور سیکیورٹی اداروں پر 2 حملے کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

 

حکام نے کہا کہ ’یہ سی ٹی ڈی کی تاریخ میں سب سے بڑا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) تھا جو کامیابی سے ہمکنار ہوا‘۔

 

سی ٹی ڈی راولپنڈی کی ٹیم نے خودکش حملہ آور رضوان اللہ سمیت 5 دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔

 

ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کی جانب سے اٹک میں این ڈی سی (نیشنل ڈیفنس کمپلیکس) کے انجینئرز پر حملے کے بعد سی ٹی ڈی نے رواں برس 3 مئی سے کالعدم تنظیم کی نقل و حرکت کی نگرانی شروع کی تھی۔

 

انہوں نے بتایا کہ ’این ڈی سی پر حملے کے شواہد سے نیٹ ورک کے ملوث ہونے کا علم ہوا تو اسی دوران انہوں نے نوشہرہ میں 17 مئی کو ایف سی اہلکاروں پر ایک اور خودکش حملہ کیا‘۔

 

حملے میں ایف سی اہلکاروں کے علاوہ شہری بھی جاں بحق ہوئے اور نوشہرہ حملے میں بھی اسی نیٹ ورک کے ملوث ہونے کے شواہد ملے تھے۔

 

ان واقعات کے بعد سی ٹی ڈی نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور افغانستان تک پھیلے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے کام شروع کیا۔

 

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ افراد ٹرک میں بیٹھ کر راولپنڈی میں داخل ہو کر پاکستانی خفیہ اداروں کی بس کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔

 

انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے 2 خودکش جیکٹس، 4 دستی بم، دھماکا خیز مواد، تاریں، 4 پستول اور متعدد گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔

 

علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ خفیہ اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مشتبہ افراد نئی دہشت گرد تنظیم حزب الاحرار سے تعلق رکھتے ہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ’مہمند ایجنسی میں جماعت الاحرار کے چیف عمر خالد خراسانی سے اختلاف کے بعد مکرم شاہ مہمند نے علیحدہ گروپ بنا لیا تھا‘۔

نظرات بینندگان
captcha